ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار رہیں۔ افسران کو ریوینیو منسٹر دیشپانڈے کی ہدایت

قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار رہیں۔ افسران کو ریوینیو منسٹر دیشپانڈے کی ہدایت

Sun, 01 Jul 2018 22:56:36    S.O. News Service

کارواریکم ؍جولائی (ایس او نیوز) ریوینیو منسٹر آر وی دیشپانڈے نے قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے کاروار میں افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور انہیں ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو راحت پہنچانے کے لئے ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔

ضلع پنچایت کے میٹنگ ہال میں افسران سے مخاطب ہوکر دیشپانڈے نے کہا کہ ضلع ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرس اور تحصیلداروں کو اپنے دفتروں میں جمے رہنے کے بجائے اپنے اپنے علاقوں کا دورہ کرتے رہنا چاہیے اور عوام کی مشکلات کو فوری طور پر دور کرنے کے انتظامات کرنا چاہیے۔ انہوں نے افسران سے درخواست کی کہ صرف ہنگامی ضرورت کو چھوڑ کر بقیہ دنوں میں چھٹی پر نہ جائیں۔ہر ایک آفیسر کو چاہیے کہ اپنے مرکزی مقام پر دستیا ب رہے۔

بجلی فراہم کرنے والی کمپنی ہیسکام کے تعلق سے وزیر موصوف نے کہا کہ دیگر تمام اضلاع میں ہیسکام کی کارکردگی چاق وچوبند ہے مگر ضلع شمالی کینرا میں یہ بہتر کارکردگی انجام دینے میں ناکام ہے۔اس سے حکومت کی رسوائی ہوتی ہے۔حالانکہ کورگ اور ملیناڈو جیسے اضلاع میں بھی بھاری برسات ہوتی ہے، لیکن وہاں پر ہیسکام کی طرف سے تیز رفتاری کے ساتھ کام انجام دیا جاتا ہے۔انہوں نے تلخ انداز میں پوچھا کہ لیکن یہاں ضلع شمالی کینرا میں ایسا کیوں نہیں ہوتا۔انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جہاں الیکٹرک کھمبے گر گئے ہیں،ٹرانسفارمرس خراب ہوگئے ہیں وہاں فوری طور پر درست کرنے کا کام انجام دیا جائے۔ لائن مین نہ ہونے جیسے بہانے بازیاں نہ کی جائیں۔اگر بجلی کھمبوں اور ٹرانسفارمرس وغیرہ کی کمی ہے تو پھر اسے ان کے علم لایا جائے۔

ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے بتایا کہ کمٹہ ، سداپور اور یلاپور میں جملہ تین افراد قدرتی آفت کے نتیجے میں موت کا شکار ہوئے ہیں۔فی کس 5لاکھ روپے کے حساب سے کل 15لاکھ روپے فوت شدہ افراد کے خاندانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔برسات اور آندھی کی وجہ سے ضلع میں کل298مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ان میں سے 170معاملات میں معاوضہ ادا کیا گیا ہے۔ابھی 178معاملات کو نپٹانا باقی ہے۔

ریوینیو وزیر دیشپانڈے نے افسران کو ہدایت دی کہ مختلف محکمہ جات میں عملے کی بہت زیادہ کمی پائی جاتی ہے اس لئے اگر کسی کو ٹرانسفر کیے جانے کا حکم آتا ہے تو کسی بھی قیمت پر برسات کا موسم ختم ہونے تک مذکور ہ افسر یا اسٹاف کو ریلیو نہ کیا جائے۔

اس میٹنگ میں کمٹہ کے ایم ایل اے دینکر شیٹی، ضلع پنچایت صدر جئے لکشمی موگیر، نائب صدر سنتوش رینکے وغیرہ موجود تھے۔


Share: